اسلام آباد،وزیر اعظم کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس
وفاقی کابینہ نے غریب بچوں کی اعلیٰ تعلیم کےلیے اگلے چار برس کےلیے 50ہزار اسکالرشپ جاری کرنے کی منظوری دے دی ہے۔
وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت ہونے والے اجلاس میں سردیوں میں بجلی کے نرخ کم کرنے، داسو ہائیڈرو پراجیکٹ کےلیے اراضی کی نظر ثانی شدہ قیمت کی ادائیگی، پاکستان ویٹرنری میڈیکل کونسل میں ڈاکٹروں کی تعیناتی، ایئرپورٹس کا انتظام بین الاقوامی معیار کے مطابق یقینی بنانے سمیت اہم فیصلے اور ہدایات دی گئیں۔
ذرائع کے مطابق 120 یونیورسٹیاں ایچ ای سی کی جانب سے50 ہزار اسکالر شپس جاری کرنے کا پروگرام شروع کریں گی۔
کابینہ میں طے پایا کہ وزیراعظم عمران خان احساس پروگرام کا افتتاح نومبر کے پہلے ہفتے میں کریں گے جبکہ سول ایوی ایشن کی سفارش پر کراچی، لاہور، پشاور اور ملتان میں متبادل علاقوں میں کثیر منزلہ عمارتوں کی تعمیر کی اجازت دے دی گئی ہے۔
وفاقی کابینہ نے داسو ڈیم کے لیے پانچ سو دس ارب روپے جاری کرنے کی منظوری دے دی، اجلاس میں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کی ہمشیرہ کی مغفرت کےلیے دعا بھی کی گئی۔
کابینہ کے فیصلوں پر وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے میڈیا کو بریفنگ دی اور بتایا کہ اجلاس میں ملک کی سیاسی و معاشی صورتحال پر غور کیا گیا اور کئی اہم فیصلے کیے گئے۔
انہوں نے کہا کہ کراچی، لاہور، پشاور اور ملتان جیسے بڑے شہروں میں کثیر منزلہ عمارات کی تعمیر کے حوالے سے حکومتی فیصلے کو عملی جامہ پہناتے ہوئے کابینہ نے ان شہروں کے مخصوص علاقوں میں بڑی عمارتیں تعمیر کرنے کی اجازت کا نوٹیفکیشن جاری کرنے کی منظوری دے دی ہے، کابینہ نے ہدایت کی کہ اس پر عمل کو ایک ہفتے میں مکمل کیا جائے۔