Feb 26, 2021 04:30 pm
views : 218
Location : Domestic Place
Islamabad- Qatar has agreed to give LNG at a lower price
لاہور، برادر ملک قطر ایل این جی کم قیمت میں دینے پر رضامند ہوگیا، پاکستان کو اب دو ارب ڈالر کی بچت ہوگی
برادر ملک قطر اور پاکستان کے مابین ایل این جی کی قیمت میں کمی پر اتفاق رائے ہوگیا ہے۔قطری حکومت ایل این جی کی قیمت گیارہ ڈالر فی ایم ایم بی ٹی سے کم کرکے نو ڈالر کرنے پر رضامند ہوگئی ہے جس سے پاکستان کو دو ارب ڈالر کے لگ بھگ رقم کی بچت ہو گی، اس حوالے سے معاہدہ کا ڈرافٹ تیار کرکے قطر کے وزیر مملکت برائے توانائی سعد بن شریدالقابی اسلام آباد میں ایوان وزیراعظم میں ہونیوالی تقریب میں معاہدہ پر دستخط کردیئے۔
پاکستان اور قطر کے درمیان دو ہزار سولہ ء میں ایل این جی کی فراہمی کا پندرہ سالہ معاہدہ ہوا تھا جس کی مالیت پندرہ ارب ڈالر سے زائد تھی، وزیر اعظم عمران خان نے اقتدار سنبھالنے کے بعد اپنے پہلے دورہ قطر کے دوران امیر قطر سے اس معاہدے پر نظر ثانی کرنیکی درخواست کی تھی جبکہ چیف آف آرمی سٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ بھی اس معاہدہ پر نظر ثانی کیلئے متحرک رہے اور انہوں نے پس منظر میں رہتے ہوئے اہم ترین کردار ادا کیا۔
خیال رہے کہ چیف آف آرمی سٹاف کے کچھ عرصہ قبل دورہ قطر کے دوران امیر قطر سے ملاقات میں قطری حکومت نے ایل این جی کی قیمت پر نظر ثانی پر رضامندی ظاہر کردی تھی جس کے نتیجہ میں یہ معاہدہ ہوگیا ہے۔ حکومتی ذرائع کے مطابق قیمتوں میں کمی کے نتیجہ میں پاکستان کو دو ارب ڈالر کے لگ بھگ بچت ہو گی جو کہ ایک بہت بڑا معاشی فائدہ ہے، سفارتی حلقوں کے مطابق اس نئے معاہدے سے پاکستان اور قطر کے برادرانہ تعلقات میں مزید مضبوطی پیدا ہوگی۔