Feb 26, 2021 04:33 pm
views : 213
Location : Domestic Place
Islamabad- Pakistan cannot be put on FATF blacklist after govt's steps, Hammad Azhar
اسلام آباد، فیٹف میں بھارت نے پاکستان کیخلاف کھیلنے کی کوشش کی لیکن خود بے نقاب ہوا، حماد اظہر
وفاقی دارالحکومت میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وفاقی وزیر حماد اظہر کا کہنا تھا کہ آج سے دو سال پہلے ہم ایف اے ٹی ایف کے دو نکات پر تھے، آج چوبیس نکات پر آگئے ہیں، پہلا ہدف تھا پاکستان کو بلیک لسٹ سے روکا جائے، الحمداللہ وہ ہدف حاصل کیا۔
انہوں نے بتایا فیٹف نے کہا ہے کہ بلیک لسٹنگ پاکستان کیلئے اب آپشن نہیں رہا، اب فیٹف بھی کہہ رہا ہے کہ پاکستان نوے فیصد اہداف پورے کر چکا ہے، تین اہداف رہ گئے ہیں، وہ بھی جلد پورے کرلیں لیں گے۔
ان کا کہنا تھا ہمارے پاس آپشن تھا کہ کورونا میں نا رپورٹ کریں لیکن کورونا کے سخت حالات میں بھی پاکستان نے اپنے اہداف پورے کیے، پاکستان دنیا کے مشکل ترین ٹاسک پر 90 فیصد عمل درآمد کرچکا ہے، سخت حالات کے باوجود پاکستان نے مثالی کام کیا ہے۔
حماد اظہر نے کہا قوم کو یقین دلانا چاہتے ہیں کہ پاکستان سے بلیک لسٹنگ کا خطرہ ٹل چکا ہے، ہم فیٹف کے ایکشن پلان کو پورا کریں گے، کوشش ہے جون تک 27 نکات پورے کر لیں۔
ان کا کہنا تھا گرے لسٹ کے باعث پاکستان پر کوئی پابندیاں عائد نہیں ہوئیں، باقی 3 نکات میں غیر سرکاری فلاحی تنظیموں (این جی اوز) کی ریگولیشن شامل ہے، باقی 3 نکات پر عمل اور ٹیرر فنانسگ روکنے کے لیے مزید سخت اقدام کرنا ہوں گے۔
حماد اظہر کا کہنا تھا پاکستان دہشت گردوں کی مالی معاونت کی تفتیش کو مضبوط کرے گا، ہمیں دہشت گردوں کی مالی معاونت کے خلاف تفتیش کے ٹھوس نتائج اور کالعدم تنظیموں کے افراد کے خلاف مالی پابندیوں پر عمل درآمد یقینی بنانا ہو گا۔