Feb 26, 2021 04:40 pm
views : 209
Location : Domestic Place
Lahore- International Arbitration Court has imposed a 1year ban on Pakistani cricketer Umar Akmal
لاہور، عالمی ثالثی عدالت نے پاکستانی کرکٹر عمر اکمل پر ایک سال کی پابندی لگادی، بیالیس لاکھ پچاس ہزار روپے جرمانہ بھی عائد کردیا گیا
عالمی ثالثی عدالت نے انڈیپنڈ نٹ ایڈجوڈیکٹر کے فیصلے کے خلاف پاکستان کرکٹ بورڈاور عمر اکمل کی جانب سے دائر کردہ اپیلوں پر فیصلہ سنادیا ہے۔ فیصلے کے مطابق پی سی بی کوڈ آف کنڈکٹ کی شق دو چار چار کی ایک مرتبہ خلاف ورزی کرنے پر عمر اکمل پر بارہ ماہ کی پابندی اور بیالیس لاکھ اور پچاس ہزار روپے جرمانہ عائد کیا گیا ہے۔
بیس فروری دو ہزار بیس کو معطلی کا شکار ہونے والے عمر اکمل اب بیالیس لاکھ پچاس ہزار روپے کی رقم جمع کرانے کے ساتھ ساتھ پی سی بی کے سیکیورٹی اور اینٹی کرپشن ڈیپارٹمنٹ کے طے شدہ ری ہیب پروگرام پر عمل کرکے دوبارہ مسابقتی کرکٹ کھیلنے کے اہل ہوں گے۔
عالمی ثالثی عدالت نے عمر اکمل کے دو موبائل فونز واپس کرنے کی درخواست کو مسترد کردیا ہے۔ یہ دونوں موبائل فونز تحقیقات کی غرض سے پی سی بی کے سیکورٹی اینڈ دیجلنس ڈیپارٹمنٹ کی تحویل میں ہیں۔
اس سے قبل ستائیس اپریل دو ہزار بیس کو انڈیپنڈنٹ ڈسپلنری پینل کے چیئرمین نے پی سی بی کے اینٹی کرپشن کوڈ کی شق دو چار چار کی دو مختلف مواقع پر خلاف ورزی کرنے پر عمر اکمل پر تین سال کی معطلی عائد کی گئی تھی۔
پی سی بی نے ایک بار پھر تمام شرکاءکو ہدایت کی ہے کہ وہ اینٹی کرپشن سے متعلق کسی بھی واقعے کی اطلاع فوری طور پر اینٹی کرپشن کے آفس میں کریں تاکہ ہم ان چند افراد کا مکمل خاتمہ کرسکیں جو کرکٹرز کو آسانی سے پیسہ کمانے کی طرف راغب کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔