Feb 26, 2021 07:00 pm
views : 204
Location : National Stadium
Karachi- PSL 6, Multan Sultan beat Lahore Qalandar's by 7 Wickets
کراچی، ملتان سلطانز نے لاہور قلندرز کو سات وکٹوں سے شکست دیدی،محمد حفیظ ساٹھ رنز کی جارحانہ اننگز کھیل کر رن آؤٹ ہوگئے
پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) سکس کے ساتویں میچ میں ملتان سلطانز نے لاہور قلندرز کو سات وکٹوں سے ہرادیا۔
کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے گئے پاکستان سپر لیگ سکس کے ساتویں میچ میں ملتان سلطانز نے لاہور قلندرز کو سات وکٹوں سے شکست دیدی، ملتان کی ٹیم نے لاہور کا ایک سو اٹھاون رنز کا ہدف سولہ اعشاریہ دو اوورز میں حاصل کرلیا۔
لاہور قلندرز کے ایک سو اٹھاون رنز کے تعاقب میں ملتان کی جانب سے اننگز کا آغاز محمد رضوان اور کرس لن نے کیا تاہم کرس لن بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹ گئے جب کہ ون ڈاؤن آنے والے جیمس وینس بھی صرف 5 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے۔
کپتان ملتان سلطانز محمد رضوان نے ایک بار پھر جارحانہ اور ذمہ دارانہ اننگز کا مظاہرہ کرتے ہوئے صہیب مقصود کے ساتھ ایک سو دس رنز کی شراکت بنائی جس کے بعد محمد رضوان 76 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے جب کہ صہیب مقصود وکٹ پر ڈٹے رہے اور صرف اکتالیس گیندوں پر اکسٹھ رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی جس کی بدولت ملتان کی ٹیم نے ایک سو اٹھاون رنز کا ہدف سولہ اعشاریہ دو اوورز میں حاصل کرلیا۔
اس سے قبل ملتان سلطانز کے کپتان محمد رضوان نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کرنے کا فیصلہ کیا تو سہیل خان، شاہنواز اور کارلوس بریتھ ویٹ نے پاور پلے میں نپی تلی بولنگ کی جس کے بدولت لاہور قلندرز دو وکٹ گنواکر صرف 25 رنز بناسکی۔
فخرزمان 9 رنز بنانے کے بعد شاہنواز دھنی کا شکار بنے اور کپتان سہیل اختر کی وکٹ 7 رنز پر کارلوس بریتھ ویٹ کے حصے میں آئی تاہم اپنے کیریئر کی بہترین فارم میں دکھائی دینے والے محمد حفیظ نے اپنا جارحانہ انداز جاری رکھا اور 26 گیندوں پر نصف سنچری اسکور کی۔
پی ایس ایل 6 میں اپنا پہلا میچ کھیلنے والے جوئے ڈین لی نے بھی ابتدائی وکٹیں جلد گرنے کے بعد ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے اسکور بورڈ کو آگے بڑھایا تاہم وہ 31 رنز پر وکٹ گنوا بیٹھے اور بین ڈنگ صرف ایک رنز کے مہمان ثابت ہوئے۔