کوہاٹ، جب سیاستدان، عدلیہ اور فوج کیلئے ایک قانون ہوگا تب ہی کرپشن ختم ہوگی، بلاول بھٹو
کوہاٹ میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پی ٹی آئی حکومت کرپشن میں سب سے آگے ہے اور اس نے سارے ریکارڈز توڑ دیے ہیں، 18 ویں ترمیم اور این ایف سی ایوارڈ ختم کرنےکی اجازت نہیں دیں گے، دھاندلی زدہ حکومت نے ملک میں بحران پیدا کیا ہے اور عوام کو مہنگائی کے طوفان میں ڈبودیا ہے، پاکستان میں آج مہنگائی افغانستان اور بنگلا دیش سے بھی زیادہ ہے، کٹھ پتلی حکومت میں صلاحیت نہیں کہ حکومت چلاسکے۔
بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ خیبر پختونخوا کے عوام کو نالائق و ناجائز حکومت سے بچائیں گے، سی پیک کی بنیاد پیپلز پارٹی اور صدر آصف علی زرداری نے رکھی تھی، سی پیک کا نام اس لیے رکھا کہ پسماندہ علاقے کو فائدہ پہنچانا تھا، لیکن نالائق حکومت سی پیک منصوبہ ختم کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔
چیرمین پی پی پی نے کہا کہ سیاست دان ہو، یا عدلیہ، فوج اور سرکاری ملازمین، جب سب کے لئے ایک قانون ہوگا تب ہی کرپشن کے ناسور کو ختم کرسکیں گے، بلین ٹرین، علیمہ باجی کی سلائی مشینوں سمیت جگہ جگہ کرپشن ہے، اس نالائق حکومت کا ہرمیدان میں مقابلہ کر رہےہیں، ضمنی انتخاب میں فتح نے ثابت کیا عوام پی ٹی آئی کے ساتھ نہیں بلکہ پی ڈی ایم کے ساتھ ہیں۔