Mar 01, 2021 06:59 pm
views : 237
Location : Domestic Place
Karachi- After the exchange of bitter words between Sharjeel Memon and Haleem Adil Sheikh, the Speaker had to adjourn the Session
کراچی،سندھ اسمبلی میں اراکین کی نوک جھونک، ایوان مچھلی بازار بن گیا، شرجیل میمن اور حلیم عادل شیخ کے تلخ جملوں کے تبادلوں کے بعد اسپیکر کو اجلاس ملتوی کرنا پڑگیا
سندھ اسمبلی کے اجلاس میں اراکین اسمبلی اور صوبائی وزراء ایک دوسرے سے الجھ پڑے۔ حکومتی وزیر نے پی ٹی آئی کے رکن سندھ اسمبلی حلیم عادل شیخ پر کرپشن کے الزامات عائد کئے تو دوسری طرف حلیم عادل شیخ بھی کسی سے پیچھے نہ رہے اسمبلی کےایوان میں بولے وزیر اعلیٰ سندھ اور صوبائی وزراء صوبے میں بڑے پیمانے پر کرپشن کے ذمہ دار ہیں۔
حلیم عادل شیخ کا کہنا تھا کہ ہماری تنقید کو اصلاح سمجھا جائے، ہمارا مائیک ہماری بندق ہے، ہمیں دنیا دیکھ رہی ہے، ہم اگر غلط بات کرتے ہیں تو بات سے تنقید کریں، بات کا جواب مکے سے نہ دیں،کہا جاتا ہے کہ اصل منڈی سندھ میں لگے گی، اس اسمبلی میں پاکستان کی قرارداد پیش ہوئی تھی، خدانخواستہ بکاؤ مال ہیں۔
صوبائی وزیر شرجیل انعام میمن نے کہا کہ اس ایوان میں بدمعاشی نہیں چلنے دی جائے گی، حلیم عادل شیخ اسلحہ برداروں کے ساتھ دندناتے پھرتے دیکھے گئے۔
دوسری طرف صوبائی وزیر مکیش کمار چاؤلہ نے پی ٹی آئی کے رکن سندھ اسمبلی خرم شیر زمان کی طرف اشارہ کرتے ہوئے ان کے ریٹ پوچھ لیئے جس پر ایوان میں ہنگامہ کھڑا ہوگیا۔
بعد ازاں اسپیکر سندھ اسمبلی کو اجلاس کل صبح گیارہ بجے تک کیلئے ملتوی کرنا پڑگیا۔