آپریشن ردالفساد کے 5 سال مکمل: آرمی چیف کا شہداء کی قربانیوں اور قوم کے عزم کو سلام پیش-ڈی جی آئی ایس پی آر
تفصیلات کے مطابق پاکستانی فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے ڈائریکٹر جنرل میجر جنرل بابر افتخار نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر آپریشن ردالفساد کے 5 سال مکمل ہونے پر اپنے بیان میں کہا کہ 2دہائیوں سے دہشت گردی کیخلاف جاری جنگ میں سمیٹی گئی کامیابیوں کومستحکم کرنے اور ملک بھر سے دہشت گردی کے مکمل خامتے کیلئے یہ آپریشن شروع کیا گیا ، آپریشن رد الفساد میں عوام کی سیکیورٹی یقینی بنانا بنیادی مقصد رہا۔
ڈی جی آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ غیر یقینی صورتحال سے امن کی جانب سفر کیلئے آپریشن کامیابی سے جاری ہے ،بلاشبہ دو دہائیوں کی کامیابیاں بھاری قربانیوں سے ممکن ہوئیں ہیں ، آزادی آسانی سے نہیں ملتی، آزادی کی بھاری قیمت چکانا پڑتی ہے۔
ترجمان کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے 5سال مکمل ہونے پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ اس مقصد کیلئے عظیم قوم نے جو عزم دکھایا اس کو بھی سلام پیش کرتے ہیں۔