اسلام آباد، وزیر اعظم نے 25 ارب روپے کے نقصان کی تحقیقات کا حکم دیدیا، فواد چودھری
وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم پاکستان عمران خان نے تربیلا کے نہ مکمل توسیعی منصوبے کے افتتاح اور اس کے نتیجے میں قومی خزانے کو پہنچنے والے 25 ارب روپے کے نقصان کی خبر کا نوٹس لیا ہے اور پرائم منسٹر انسپکشن ٹیم کو کہا گیا ہے کہ رپورٹ کریں۔
پریس انفارمیشن ڈیپارٹمنٹ میں وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے احتساب بیرسٹر شہزاد اکبر کے ہمراہ مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے چوہدری فواد حسین کا مزید کہنا تھا کہ پچیس ارب روپے میں ابھی تربیلا کا یہ منصوبہ مکمل نہیں ہوا تھا اس کا صرف فیتہ کاٹنے کے چکر میں افتتاح پہلے کردیا گیا اور وہاں پر سیلاب آگیا اور عوام کے پچیس ارب روپے اس میں ڈوب گئے لہٰذا وزیر اعظم عمران خان نے اس کی تحقیقات کا حکم دیا ہے۔
اس موقع پر بیرسٹر شہزاد اکبر کاکہنا تھا کہ بیرون ملک پیسوں کی واپسی کے حوالے سے ایک قانون بنایا جائے گا، اس کام کیلئے دو سے تین ماہر رکھے جائیں گے، پیسے واپس لانے میں معاونت کرنے والے کو بیس فیصد دیا جائے گا۔ بیرون ملک سے ثبوت لانے کیلئے بھی ایکٹ بنائیں گے۔
شہزاد اکبر کا کہنا تھا کہ ہم نے سوئس حکام کے ساتھ معاہدے کو چھ سال تک ضائع کیا، سو بڑے مگر مچھ ہمارا ٹارگٹ ہیں، پاکستان کی باہر دو سو ارب سے زائد رقم پڑی ہوئی ہے۔