لاہور، میرے کیرئیر کے حوالے سے بے بنیاد خبریں گردش کررہی ہیں، محمد حفیظ
قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور آل راؤنڈر محمد حفیظ کا کہنا ہے کہ میری کسی سے کوئی ناراضگی نہیں ہے، میں کرکٹ ٹیم کا حصہ ہوں، میں ہمیشہ پاکستان کرکٹ ٹیم کے اسٹیک ہولڈرز کے فیصلوں کے ساتھ ہوں، میرے حوالے سے چلنے والے بیانات میں کوئی بھی صداقت نہیں ہے۔ میں کرکٹ کیلئے تیار ہوں۔
لاہور پریس کلب میں اسپورٹس جرنلسٹس ایسوسی ایشن کی جانب سے منعقدہ تقریب سے خطاب کے دوران محمد حفیظ کا مزید کہنا تھا کہ میں ہمیشہ سے مقابلہ کرتا آیا ہوں اور آئندہ بھی تمام حالات کا مقابلہ کرنا چاہتا ہوں۔ میں قائد اعظم ٹرافی کھیلوں گا اور اپنی بہترین پرفارمنس دوں گامگر عالمی سطح پر پاکستان کی نمائندگی کیلئے سلیکشن میرے ہاتھ میں نہیں ہے، میرے ہاتھ میں صرف میری پرفارمنس ہے جو میں ہمیشہ کرتا ہوں اور آئندہ بھی کرتا رہوں گااور میری خواہش ہوگی کہ میں پاکستان کیلئے مزید خدمات پیش کرسکوں۔
کرکٹر محمد حفیظ کا یہ بھی کہنا تھا کہ کسی بھی قسم کی خبریں جو میرے ساتھ منسلک کی گئیں ہیں ان میں کوئی صداقت نہیں ،میں صرف اور صرف عزت کیلئے کھیلتا ہوں اور آگے بھی کوشش کروں گا کہ اپنی خدمات برقرار رکھوں اور پاکستان کی عزت ووقار میں اپنا کردار ادا کرسکوں۔