اسلام آباد،وزیراعظم عمران خان نے گیس کی قیمتوں میں 46 فیصد اضافے کی منظوری دے دی
وزیراعظم عمران خان نے گیس کی قیمتوں میں 46 فیصد اضافے کی منظوری دے دی ہے۔
وزیرِ اعظم نے گیس سیکٹر کے حوالے سے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے پیٹرولیم ڈویژن کو ہدایت کی تھی کہ گیس کے نرخ میں اضافے کو متعلقہ حکام سے منظور کروائیں۔
اجلاس کے دوران پیٹرولیم ڈویژن کے ایڈیشنل سیکریٹری میاں اسد حیاالدین نے وزیرِ اعظم کو آئل اور گیس سیکٹر میں طلب اور رسد کے حوالے سے بریف کیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق اوگرا نے گیس کی قیمتوں میں 180 فیصد اضافے کی تجویز دی تھی تاہم وزیراعظم عمران خان نے گیس کی قیمتوں میں 46 فیصد اضافے کی منظوری دی، گیس کی قیمتوں میں اضافے کی سمری اگلے ہفتے اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) کے اجلاس میں پیش کی جائیگی۔
وزارت پیٹرولیم کا کہنا ہے کہ گیس کی قیمتوں میں اضافہ نہ ہونے کے باعث قومی خزانے کو بھاری نقصان ہوا، گیس کے لائن لاسز سے سالانہ 50 ارب روپے کا نقصان ہوتا ہے لہذا قومی خزانے کو نقصان سے بچانے کے لیے گیس کی قیمت میں 46 فیصد اضافے کا فیصلہ کیا ہے۔